10 مئی 2017 - 13:38
انسداد دہشتگردی کے حوالے سے پاکستان اپنے وعدوں پر عمل کرے: ڈاکٹر ظریف

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنے وعدوں پر عمل کرے گا.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنے وعدوں پر عمل کرے گا.

یہ بات 'محمد جواد ظریف' نے بدھ کے روز تہران میں کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی.

ظریف نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر پاکستانی حکام کے ساتھ تعمیری مذاکرات ہوئے اور انہوں نے یقین دہانی کرائی کے مشترک سرحدوں پر فورسز کی تعداد میں اضافہ کریں گے اور انسداد دہشتگردی کے حوالے سے بھی موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے.

انہوں نے بارڈر معاملات پر ایرانی مسلح افواج کے سربراہ کے حالیہ بیانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنرل 'محمد باقری ' کے بیانات کا واحد مقصد دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کے مضبوط مؤقف کو اُجاگر کرنا ہے.

انہوں نے کہا کہ تہران اور اسلام آباد میں سفیروں کو بلانا اور گفتگو کرنا معمول کی بات ہے.

ظریف نے امید کا اظہار کیا کہ پاکستان انسداد دہشتگردی کے حوالے سے اپنے وعدوں پر من و عن عملدرآمد کرے گا.

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲